چیئرمین سی ڈی اے کا علی الصبح شدید بارش کے دوران بابر پارک، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریسکیو 1122 کے ہیڈکوارٹر سمیت اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے علی الصبح شدید بارش کے دوران بابر پارک، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریسکیو 1122 کے ہیڈکوارٹر سمیت اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال، نکاسی آب، صفائی، ٹریفک کی روانی اور شہری سہولیات کی فراہمی کا موقع پر جائزہ لیا

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے علی الصبح شدید بارش کے دوران بابر پارک، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریسکیو 1122 کے ہیڈکوارٹر سمیت اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال، نکاسی آب، صفائی، ٹریفک کی روانی اور شہری سہولیات کی فراہمی کا موقع پر جائزہ لیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے بابر پارک میں متعلقہ افسران کے ہمراہ پارک میں اب تک مکمل کیے گئے اور جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہیں پارک میں جاری ترقیاتی، تزئین و آرائش، لینڈ اسکیپنگ، گرین ایریاز اور عوامی سہولیات سے متعلق کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔چیئرمین سی ڈی اے نے بابر پارک میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا موقع پر معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ معیار اور مطلوبہ رفتار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو جاری کاموں میں مزید تیزی لانے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ بابر پارک کی ترقی اور تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ اس کے گرین کریکٹر، خوبصورتی، لینڈ اسکیپنگ، صفائی اور عوامی سہولیات کو بھی خصوصی اہمیت دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارک کو شہریوں کے لیے ایک بہتر، خوبصورت، سرسبز اور معیاری تفریحی مقام بنانے کے لیے تمام اقدامات مربوط انداز میں کیے جائیں۔شدید بارش کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے بابر پارک میں نکاسی آب، بارش کے پانی کی صورتحال اور صفائی کے انتظامات کا بھی موقع پر جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور پارک کے مختلف حصوں میں صفائی اور بحالی کے کام فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے شدید بارش کے دوران ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریسکیو 1122 کے ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بارش کے دوران ایمرجنسی رسپانس، فیلڈ آپریشنز، ڈی واٹرنگ، ریسکیو اور شہریوں کو فوری امداد کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں جاری آپریشنز، حساس اور نشیبی مقامات کی مانیٹرنگ، ڈی واٹرنگ اور ایمرجنسی رسپانس کے حوالے سے بریفنگ دی۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ شدید بارش کے دوران تمام متعلقہ ٹیمیں مکمل الرٹ رہیں اور حساس مقامات پر مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دیا جائے اور شہریوں کو بروقت ریلیف اور امداد کی فراہمی میں کوئی تاخیر نہ ہو۔شدید بارش کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں، اہم شاہراہوں، نشیبی اور حساس مقامات کا بھی دورہ کیا اور بارش، نکاسی آب، صفائی اور ٹریفک کی صورتحال کا موقع پر جائزہ لیا۔سی ڈی اے کے متعلقہ شعبوں کے افسران اور فیلڈ ٹیمیں بھی شہر بھر میں متحرک رہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) مختلف علاقوں میں موجود رہے اور بارش کی صورتحال، نکاسی آب اور شہری سہولیات کی مسلسل نگرانی کرتے رہے۔

ضلعی انتظامیہ کے افسران نے حساس اور نشیبی علاقوں، اہم شاہراہوں، انڈر پاسز اور دیگر اہم مقامات پر صورتحال کی نگرانی کی اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ رکھتے ہوئے ضروری اقدامات یقینی بنائے۔شدید بارش کے دوران سی ڈی اے سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ اور انوائرنمنٹ ونگ کی ٹیمیں بھی شہر بھر میں متحرک رہیں۔ سینیٹیشن ٹیموں نے سڑکوں، شاہراہوں، اہم مقامات اور ڈرینج پوائنٹس سے بارش کا پانی، مٹی، کیچڑ اور ملبہ ہٹانے کے لیے مسلسل فیلڈ آپریشن جاری رکھا۔انوائرنمنٹ ونگ اور سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں نے گرین ایریاز، سڑکوں اور دیگر مقامات پر صفائی اور بحالی کے فوری اقدامات کیے تاکہ بارش کے بعد شہریوں کو معمول کی آمدورفت میں کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔سی ڈی اے کی فیلڈ ٹیموں نے نکاسی آب کے ساتھ ساتھ اہم شاہراہوں کو کلیئر رکھنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی مسلسل کام کیا۔ بارش کے دوران سڑکوں اور اہم مقامات کی صورتحال کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے جہاں ضرورت پیش آئی، وہاں فوری کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شدید بارش کے دوران حساس اور نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور کسی بھی مقام پر بارش کا پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری طور پر ڈی واٹرنگ اور نکاسی آب کے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریسکیو 1122، سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ، انوائرنمنٹ ونگ اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن برقرار رکھی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت، سہولت اور محفوظ آمدورفت اولین ترجیح ہے، اس لیے بارش کے دوران تمام متعلقہ اداروں اور فیلڈ ٹیموں کو مکمل الرٹ رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دینا ہوں گی۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بارش کے دوران اور بارش کے فوری بعد بھی سڑکوں، انڈر پاسز، ڈرینز، گرین ایریاز اور دیگر اہم مقامات کی صفائی اور بحالی کے کام جاری رکھے جائیں تاکہ شہر میں معمولات زندگی کو جلد از جلد برقرار رکھا جا سکے۔شدید بارش کے باوجود سی ڈی اے، انوائرنمنٹ ونگ، سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی فیلڈ ٹیمیں شہریوں کی سہولت اور محفوظ آمدورفت کے لیے متحرک رہیں۔سی ڈی اے کی جانب سے نکاسی آب، صفائی، سڑکوں کو کلیئر رکھنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے اقدامات مسلسل جاری رہے، جبکہ متعلقہ ٹیموں کو ہدایت کی گئی کہ بارش کے دوران اور اس کے بعد بھی فوری رسپانس، مؤثر مانیٹرنگ اور شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔سی ڈی اے کا عزم ہے کہ شدید موسمی صورتحال کے دوران بھی اسلام آباد کو صاف، محفوظ، خوبصورت اور شہریوں کے لیے قابلِ آمدورفت رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید خبریں