وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اولیو کلچر پراجیکٹ میں پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے پراجیکٹ ٹیم کا اجلاس
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اولیو کلچر پراجیکٹ میں پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے پراجیکٹ ٹیم کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے اولیو کلچر پراجیکٹ کی پیشرفت اور اس پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے پراجیکٹ ٹیم کا اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں پراجیکٹ ہیڈ ڈاکٹر محمد طارق نے ٹیم کی قیادت کی۔ اجلاس میں ملک میں جامع قومی اولیو ویلیو چین کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ زیتون کی پیداوار کو صرف شجر کاری تک محدود رکھنے کے بجائے پیداوار، ایکسٹریکشن، پروسیسنگ، ذخیرہ، پیکیجنگ، معیار کی جانچ اور مارکیٹنگ پر مشتمل مکمل ویلیو چین قائم کی جائے جس کا بنیادی فائدہ کسانوں کو پہنچنا چاہئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نظرثانی شدہ منصوبے کے تحت تین سال کے دوران تقریباً 15 ہزار ایکڑ رقبے پر شجرکاری اور 20 لاکھ زیتون کے پودوں کی فراہمی کا ہدف ہے۔
وفاقی وزیر نے پراجیکٹ ٹیم کو کلسٹرز کی بنیاد پر حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کرنے اور شجر کاری و پودوں کی دستیابی مزید بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔رانا تنویر حسین نے پوٹھوہار کے زیتون کے موجودہ پوٹینشل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لانے پر زور دیتے ہوئے اسے منصوبے میں مناسب طور پر شامل کرنے کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے زیتون کے شعبے میں پروسیسنگ، انفراسٹرکچر اور ویلیو ایڈیشن کے لئے نجی شعبے کی شمولیت کو بھی ضروری قرار دیا۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ زیتون کے کلسٹرز میں ایکسٹریکشن اور پوسٹ ہارویسٹ سہولیات کی مناسب دستیابی یقینی بنائی جائے جبکہ معیار، ذخیرہ اور ٹیسٹنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے زیتون کے ضمنی اجزا خصوصاً پومیس کو تجارتی طور پر استعمال کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔رانا تنویر حسین نے مشینری کی ضروریات اور اخراجات کو حقیقت پسندانہ بنیادوں پر دوبارہ جانچنے اور قابلِ پیمائش اہداف پر مشتمل واضح عملدرآمد پر مبنی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اولیو پروگرام کو قومی اولیو ویلیو چین کی بنیاد بناتے ہوئے پاکستان کے بڑھتے ہوئے زیتون کے پوٹینشل کو کسانوں کی آمدن میں اضافے، ویلیو ایڈیشن، معیاری مصنوعات اور ایک پائیدار اولیو انڈسٹری میں تبدیل کیا جائے گا۔a








