راولپنڈی کینٹ میں گیس لیکیج اور کم پریشر کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے ایک ارب 16 کروڑ روپے کا میگا پراجیکٹ شروع
راولپنڈی کینٹ میں گیس لیکیج اور کم پریشر کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے ایک ارب 16 کروڑ روپے کا میگا پراجیکٹ شروع
راولپنڈی۔4ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی کینٹ میں گیس لیکیج اور کم پریشر کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے ایک ارب 16 کروڑ روپے کا میگا پراجیکٹ شروع کر دیا گیا۔اس سلسلے میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ ڈویژن کے چیئرمین ملک ابرار احمد نے سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ عامر رشید سے ملاقات کی۔ اس موقع پر متعلقہ انجینئرز اور سوئی گیس حکام بھی موجود تھے۔ سی ای او عامر رشید نے منصوبے کے لیے مکمل محکمانہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
منصوبے کے تحت کھدائی کے بعد سڑکوں کی فوری بحالی کے لیے سوئی گیس محکمہ کینٹونمنٹ بورڈ کو 28 کروڑ روپے ادا کرے گا جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات سے بچانے کے لیے سڑکوں کی بروقت مرمت یقینی بنائی جا سکے گی۔ منصوبے کے تحت بوسیدہ لوہے کی پائپ لائنوں کی جگہ 70 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک اور دو انچ قطر کی 70 کلومیٹر نئی پلاسٹک گیس لائنیں بچھائی جا رہی ہیں جس سے نصیر آباد، مغل آباد، سلمان آباد، الہٰ آباد، محلہ زمینداراں، چوہڑ چوک، کمال آباد، بکرا منڈی، ڈھوک مستقیم، سہام اور ملحقہ آبادیوں کو گیس لیکیج کے خطرات سے نجات ملے گی۔
کم پریشر کے مسئلے کے حل کے لیے مصریال سے ڈھوک سیداں چوک تک 18 کروڑ روپے کی لاگت سے 10 انچ قطر کی مین سپلائی لائن بھی بچھائی جا رہی ہے جس سے کینٹ کی متعدد آبادیوں میں گیس پریشر بہتر ہو گا۔ منصوبے کے لیے کینٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی سے این او سی بھی جاری کر دیا گیا ہے۔









