رحمان بابا کی شاعری پر منفرد کتاب مارکیٹ میں آگئی انجمن ترقی پسند مصنفین کے مرکزی جنرل سیکرٹری سلیم راز کی لکھی ہوئی کتاب میں نئے انداز میں رحمان بابا کی شاعری اور طرز فکر کو موضوع بحث بنایا گیا

اسلام آباد ۔ 22 مئی (اے پی پی)پشتو کے مقبول ترین کلاسیک شاعر رحمان بابا کی شاعری پر اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد کتاب مارکیٹ میں آگئی ہے جس کو ادب نواز حلقوں میں بھرپور پذیرائی اور مقبولیت حاصل ہوگئی ہے ۔ معروف ترقی پسند ادیب اور انجمن ترقی پسند مصنفین کے مرکزی جنرل سیکرٹری سلیم راز کی لکھی ہوئی یہ کتاب ” رحمان بابا ایک فکری مطالعہ“ میں ایک نئے انداز میں رحمان بابا کی شاعری اور طرز فکر کو موضوع بحث بنایا گیا اور عام ڈگر سے ہٹ کر ایک نئے زاویے سے پشتو کے اس مقبول ترین کلاسیک شاعر کی شاعری کو پرکھا گیا ہے ۔ عام طور پر محققین اور ادب کے ناقدین نے رحمان بابا کو ایک درویش اور صوفی شاعر کے روپ میں پیش کیا ہے لیکن زیر نظر کتاب میں رحمان بابا کے دیوان میں موجود ان اشعار کو جمع کر کے ان پر سیر حاصل بحث کی گئی ہے جو ایک ترقی پسند اور عملی انسان کے طرز فکر کی نمائندگی کرتے ہیں۔