رحیم یارخان 12 اکتوبر (اے پی پی):خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان میں انٹرنیشنل گرل چائلڈ ڈے (بچیوں کے عالمی دن) کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب میں مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم طالبات کی ایک کثیر تعداد شریک ہوئی۔ اس دن کو منانے کا مقصد خواتین خصوصا لڑکیوں کو تعلیم، صحت اور انہیں ہر قسم کے تشدد اور استحصال سے بچاؤسے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔
تقریب میں انسٹی ٹیوٹ آف ہیومینیٹیز اینڈ آرٹس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد انور فاروق نے بطور گیسٹ سپیکر خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے بچیوں کو تعلیم کی فراہمی، ان کی صحت اور ان کے تحفظ جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا ایک بہتر اور مثالی معاشرے کی تشکیل کے لیے بچیوں کی تعلیم ناگزیر ہے۔ ان کی تندرستی و ذہنی صحت کو یقینی بناناضروری ہے۔ انہوں نے کہا لڑکیوں کا استحصال اور ان پر تشدد ناقابل قبول ہے اس ضمن میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا، اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو رپورٹ کرنا چاہیے۔ اس دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے خصوصی پیغام میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان نے کہا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی کی انتظامیہ صنفی مساوات اوربرابری پریقین رکھتی ہے۔