رحیم یارخان ،خواجہ فریدپاکستان کی دوسری بہترین یونیورسٹی ہے،دنیا کی پہلی 400 جامعات شامل ہونا ایک اعزاز، وائس چانسلر

خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن سسٹین ایبلٹی امپیکٹ رینکنگز 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک بار پھر قومی و عالمی سطح پر اپنی بہترین کارکردگی کا لوہا منوایا ہے

رحیم یارخان ۔ 01 جولائی (اے پی پی):خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن سسٹین ایبلٹی امپیکٹ رینکنگز 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک بار پھر قومی و عالمی سطح پر اپنی بہترین کارکردگی کا لوہا منوایا ہے۔تازہ ترین رینکنگ کے مطابق 1,603 جامعات میں سے خواجہ فرید یونیورسٹی مجموعی طور پر عالمی سطح پر 301 سے 400 بہترین جامعات کے درجے میں شامل رہی، جبکہ پاکستان بھر میں اس نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔یونیورسٹی نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے مختلف شعبوں میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جو تدریس، تحقیق، اختراع، مؤثر طرزِ حکمرانی اور سماجی خدمات کے میدان میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔بین الاقوامی ادارے کے مطابق ایس ڈی جی 4 (معیاری تعلیم) میں یونیورسٹی نے عالمی سطح پر 52ویں جبکہ ایس ڈی جی 7 (سستی اور صاف توانائی) میں مشترکہ طور پر 92ویں پوزیشن حاصل کی۔ ایس ڈی جی 5 (صنفی مساوات) میں یونیورسٹی 101–200 کے عالمی درجے میں شامل رہی، جبکہ ایس ڈی جی 6 (صاف پانی اور نکاسی آب) اور ایس ڈی جی 12 (ذمہ دارانہ استعمال اور پیداوار) میں 201–300 کی عالمی درجہ بندی حاصل کی۔ اسی طرح ایس ڈی جی 11 (پائیدار شہر اور کمیونٹیز)، ایس ڈی جی 13 (ماحولیاتی اقدامات)، ایس ڈی جی 14 (سمندری حیات کا تحفظ) اور ایس ڈی جی 15 (بری حیات کا تحفظ) میں یونیورسٹی 301–400 کے عالمی درجے میں شامل رہی۔

مزید برآں ایس ڈی جی 8 (بہتر روزگار اور معاشی ترقی)، ایس ڈی جی 9 (صنعت، اختراع اور بنیادی ڈھانچہ)، ایس ڈی جی 10 (عدم مساوات میں کمی) اور ایس ڈی جی 17 (اہداف کے حصول کے لیے شراکت داری) میں یونیورسٹی 401–600 کی عالمی درجہ بندی میں شامل رہی، جبکہ ایس ڈی جی 3 (صحت اور خوشحالی) اور ایس ڈی جی 16 (امن، انصاف اور مضبوط ادارے) میں 601–800 کے عالمی درجے میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔اس حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وائس چانسلر پروفیسر انجینئر ڈاکٹر عامر اعظم خان نے اساتذہ، طلبہ، محققین، افسران اور ملازمین کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اورکہا کہ یہ اعزاز یونیورسٹی کی معیاری تعلیم، مؤثر تحقیق، اختراع، ماحولیاتی پائیداری اور سماجی خدمات کے فروغ کے لیے اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن سسٹین ایبلٹی امپیکٹ رینکنگز میں نمایاں کامیابی اس امر کا ثبوت ہے کہ خواجہ فرید یونیورسٹی اپنی تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی سرگرمیوں کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) سے ہم آہنگ کرتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی مستقبل میں بھی پائیدار ترقی، اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور اختراع کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گی۔

وائس چانسلر نے اس کامیابی پر محکمہ ہائر ایجوکیشن حکومت پنجاب، ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) پاکستان، یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ، اساتذہ، محققین، طلبہ، سابق طلبہ اور صنعتی شراکت داروں کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت خواجہ فرید یونیورسٹی کو یہ عالمی اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی مستقبل میں بھی معیاری تعلیم، جدید تحقیق، اختراع، سماجی خدمت اور پائیدار ترقی کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر اپنی شناخت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی