رحیم یار خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)قندیل فاطمہ میمن نے تحصیل آفس خانپور اور لیاقت پور کی برانچوں اور دفاتر کا دورہ کیا

135

رحیم یار خان۔ 15 نومبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) رحیم یار خان قندیل فاطمہ میمن نے تحصیل آفس خانپور اور لیاقت پور کی برانچوں اور دفاتر کا اچانک دورہ کیا۔رجسٹریشن برانچ، دیہی مراکز مال، ریکارڈ روم، اراضی ریکارڈ سنٹراور دیگر برانچوں میں اسٹاف کی حاضری،ریونیو ریکارڈ کی پڑتال، سائلین کو فراہم کی جانے والی سروسز اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔دورہ کے موقع پرمتعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز فیض فرید، محمد ابراہیم کھر، ریونیو عملہ اور دیگر متعلقہ ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)نے کہا کہ ریونیو سروسز کی فراہمی میں شفافیت اور آسان رسائی کو ممکن بنانا ان کی اولین ترجیحات میں ہے کرپشن اور سائلین سے بد اخلاقی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے سائلین کے مسائل بھی سنے اور افسران وعملہ کوہدایت کی کہ سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، غیرضروری طورپرسائلین کودفاترکے چکرلگانے سے گریزکریں۔، انہوں نے تحصیل آفس میں قائم دیہی مرکز مال کا بھی دورہ کرتے ہوئے ریکارڈ کی پڑتال کی۔انہوں نے موقع پر آئے سائلین کے مسائل سنتے ہوئے انہیں حل کیا اور کہا کہ عوامی سہولت کے لئے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ فراہمی کی سہولت پٹوار سرکل تک فراہم کر دی گئی ہے تاکہ شہری اپنی دسترس میں ہیں ریونیوسے متعلقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکیں۔