اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کے بابرکت مہینے کی آمد پر پوری امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ رسول اکرم ﷺ کی ذات اقدس پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے، آپ ﷺ کی آمد سے دنیا سے کفر و جاہلیت کے اندھیرے چھٹ گئے، ظلم و استبداد کی زنجیریں ٹوٹ گئیں اور انسانیت کو توحید، عدل اور علم کے نور سے منور کیا گیا۔پیر کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ماہ ربیع الاول کے آغاز کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سرور کائنات ﷺ نے انسان کو انسان کا غلام بنانے والی جاہلیت کا خاتمہ کرکے صرف ایک اللّٰہ تعالیٰ کی بندگی اور اسی کے سامنے سربسجود ہونے کا درس دیا۔ آپ ﷺ نے دنیا کو اخوت، محبت، ایثار، قربانی، مساوات اور امن کی ایسی تعلیمات عطا فرمائیں جو تا قیامت بنی نوع انسان کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں، قرآن کریم میں ارشاد ہے: ’’اور ہم نے آپ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے‘‘۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت قرآن مجید کا عملی نمونہ ہے، قران کریم میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں "آپ ﷺ یقیناً اخلاق کے بلند ترین مرتبے پر فائز ہیں”، حضور اکرم ﷺ سے محبت ایمان کا بنیادی جز ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ تم میں سے کوئی اس وقت تک کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک اسے اپنے والدین، اولاد اور تمام انسانوں سے میری ذات زیادہ محبوب نہ ہو۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ ہمارے لیے باعث سعادت اور خوش بختی ہے کہ ہم حضور اکرم ﷺ کے امتی ہیں۔ آپ ﷺ کی محبت ہمارے دلوں میں رچی بسی ہے جو کبھی کسی بھی صورت میں ہمارے دلوں سے نہیں مٹ سکتی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالیں، آپ ﷺ کے عطا کردہ اخلاق، عدل، برداشت، رواداری اور ایثار کو اپنائیں اور معاشرے میں امن، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دیں۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ اس سال نبی پاک ﷺ کا 1500واں یوم ولادت باسعادت ہے جسے پارلیمنٹ ہائوس میں عقیدت و احترام اور شیان شان طریقے سے منانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ اور عوام، حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں نہ صرف اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں کو سنوارنے کے لیے کوشاں رہیں گے بلکہ اسلام کے حقیقی پیغامِ امن، محبت، اخوت اور بھائی چارے کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اللّٰہ تعالیٰ سے اس بابرکت مہینے کی آمد پر امت مسلمہ کے اتحاد، یگانگت اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے دعا کی۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت سے دنیا کو ہدایت، علم اور انصاف کا وہ پیغام ملا جس نے انسانیت کی تقدیر بدل دی۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو چاہیے کہ سیرتِ طیبہ کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں اپنائے اور اتفاق و یگانگت کو مضبوط بنائے تاکہ پاکستان اور پوری امت مسلمہ ترقی، امن اور خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کی مبارک سنت اور طریقوں پر عمل پیرا ہو کر امت مسلمہ اپنے مسائل کو حل کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بنی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت العالمین بنا کر بھیجا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کی مبارک زندگی پوری کائنات کے لیے مشعل راہ ہے۔