رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام لائف سٹائل میڈیسن کی چھٹی بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام لائف سٹائل میڈیسن کی چھٹی بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی ایل ایم)ہائی لینڈ کنٹری کلب اینڈ ریزورٹ میں شروع ہوگئی۔ تین روزہ یہ کانفرنس پاکستان ایسوسی ایشن آف لائف سٹائل میڈیسن (پی اے ایل ایم)اور رفاہ انسٹیٹیوٹ آف لائف سٹائل میڈیسن (آر آئی ایل ایم)کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے جس کا موضوع ’’غیر متعدی امراض کا رخ …

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام لائف سٹائل میڈیسن کی چھٹی بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی ایل ایم)ہائی لینڈ کنٹری کلب اینڈ ریزورٹ میں شروع ہوگئی۔ تین روزہ یہ کانفرنس پاکستان ایسوسی ایشن آف لائف سٹائل میڈیسن (پی اے ایل ایم)اور رفاہ انسٹیٹیوٹ آف لائف سٹائل میڈیسن (آر آئی ایل ایم)کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے جس کا موضوع ’’غیر متعدی امراض کا رخ موڑنا-انسانِ کامل کا نقطۂ نظر‘‘ ہے۔افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج تھے۔ کانفرنس میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او )، مختلف جامعات اور طبی اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ لائف سٹائل میڈیسن صحت مند معاشرے کی بنیاد فراہم کرتا ہے،ہمیں علاج سے زیادہ توجہ بیماریوں سے بچاؤ اور صحت کے فروغ پر دینی چاہئے تاکہ ایک تندرست اور مضبوط قوم تشکیل پا سکے۔چیئرمین رفاہ انسٹیٹیوٹ آف لائف سٹائل میڈیسن ڈاکٹر بیتھ فریٹس نے کہا کہ لائف سٹائل میڈیسن کوئی متبادل طریقہ علاج نہیں بلکہ پائیدار صحت کی بنیاد ہے جو سائنس، ہمدردی اور تعاون کے امتزاج سے انسان کو بامقصد زندگی گزارنے کے قابل بناتا ہے۔ کانفرنس میں پاکستان سمیت امریکہ، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات سے ماہرینِ صحت اور محققین شریک ہیں۔ سیشنز میں صحت مند طرزِ زندگی، غذائیت، جسمانی سرگرمی، ذہنی سکون، نیند، ڈیجیٹل ہیلتھ اور سماجی روابط کے موضوعات زیرِ بحث ہیں۔

اختتامی سیشن میں اسلام آباد اعلامیہ جاری کیا جائے گا جس میں سفارش کی جائے گی کہ لائف سٹائل میڈیسن کو قومی صحت کے نظام، پالیسی سازی اور طبی تعلیم میں شامل کیا جائے۔کانفرنس کے اختتام پر خصوصی گالا ڈنر اور عشائیہ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر رفاہ انسٹیٹیوٹ آف لائف سٹائل میڈیسن ڈاکٹر شگفتہ فیروز نے کہا کہ یہ صرف ایک کانفرنس نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو صحت کو انسان اور معاشرے کے رشتے سے جوڑتی ہے۔پاکستان میں لائف سٹائل میڈیسن کے فروغ کے لئے پی اے ایل ایم اور آر آئی ایل ایم کا کردار نمایاں ہے جو طبی تعلیم، تحقیق اور آگاہی کے ذریعے ایک صحت مند اور باہمی ہمدردی پر مبنی معاشرہ تشکیل دینے کے لئے سرگرم ہیں۔