رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے 45 رکنی وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے 45 رکنی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا ، شرکاء نے اس دورے کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے فراہم کی گئی رہنمائی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے وفد کو پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہا۔وفد کو جوائنٹ سیکرٹری سینیٹ سیکرٹریٹ جمیل احمد کھوسو نے ایوان بالا …

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے 45 رکنی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا ، شرکاء نے اس دورے کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے فراہم کی گئی رہنمائی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے وفد کو پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہا۔وفد کو جوائنٹ سیکرٹری سینیٹ سیکرٹریٹ جمیل احمد کھوسو نے ایوان بالا کے کام کے طریقہ کار، کارکردگی، فنکشنز، قانون سازی، اراکین سینیٹ کے طریقہ انتخاب،ایوانِ بالا کے کردار، قائمہ کمیٹیوں کے دائرہ کار بارے جامع بریفنگ دی۔ وفد کو بتایا گیا کہ پارلیمانی نظام میں سینیٹ کس طرح وفاق کی علامت کے طور پر کام کرتا ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے قانون سازی کا عمل کس طرح آگے بڑھایا جاتا ہے۔

بریفنگ کے دوران وفد کے اراکین نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور سوال و جواب کے ایک بھرپور سیشن میں حصہ لیا اور شرکاء کے تمام سوالات کے جامع اور تسلی بخش جواب دیئے گئے۔بعد ازاں وفد نے سینیٹ میوزیم کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستان کے پارلیمانی نظام، قانون سازی کے مختلف مراحل اور سینیٹ کے آئینی کردار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ایوانِ بالا کی تاریخ پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

وفد نے سینیٹ میوزیم میں آویزاں ممتاز قومی شخصیات کے مجسموں اور تاریخی تصاویر میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔ وفد نے سینیٹ ہال کا دورہ کیاجہاں انہیں پارلیمانی روایات، طریقہ کار اور قانون سازی کے اہم مراحل سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ وفد کو گلیِ دستور بھی دکھائی گئی جہاں انہیں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ اور جمہوری ارتقاء کے بارے میں مزید آگاہی فراہم کی گئی۔

دورے کے اختتام پر وفد کے اراکین نے جمہوری اقدار کے فروغ، ادارہ جاتی شفافیت اور پارلیمانی نظام کو مضبوط بنانے میں سینیٹ سیکرٹریٹ کے مؤثر کردار کو سراہا۔ شرکاء نے اس دورے کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے فراہم کی گئی رہنمائی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔