اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے دی گئی ہدایات کی روشنی میں، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے رمضان المبارک خصوصاً سحر و افطار اور نماز تراویح کے دوران ملک بھر میں بجلی کی مسلسل سپلائی یقینی بنانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
ترجمان این ٹی ڈی سی کے پیر کو جاری بیان کے مطابق نیشنل پاور کنٹرول سنٹر اور تمام تقسیم کار کمپنیز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کیلئے مرکزی کنٹرول روم لاہور میں قائم کر دیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد، ملتان اور حیدرآباد میں بھی ریجنل کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔
تمام کنٹرول رومز ویڈیو لنک کے ذریعے آپس میں رابطے میں رہیں گے۔پاکستان بھر میں این ٹی ڈی سی کے گرڈ سٹیشن یا ٹرانسمیشن لائن میں کسی بھی خرابی یا مسئلے کی صورت میں فوری ردعمل کیلئے ایسییٹ مینجمنٹ (نارتھ) اور ایسیٹ مینجمنٹ (سائوتھ) کی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں رمضان المبارک کے دوران متعلقہ ذمہ دار افسران ہمہ وقت گرڈ سٹیشنز پر موجود رہیں گے۔
منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے متعلقہ فارمیشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس مقدس مہینے کے دوران ملک بھر میں بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلئے چوکس رہیں۔