اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس (کل) منگل کوایڈمنسٹریٹر اوقاف کے دفتر عید گاہ چارسدہ روڈپشاور میں منعقد ہوگا۔اجلاس کی صدارت چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزادکریں گے۔ زونل رویت ہلال کمیٹی،اسلام آبا کا اجلاس وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی میں ہوگا جبکہ صوبائی ، ضلع ، زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ صوبائی ، ضلعی صدر دفاتر میں منعقدہوں گے۔
اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر اوقاف نے عوام الناس کو مطلع کیا ہے کہ چاند دیکھنے کے بارے میں شہادتیں چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے موبائل نمبر 9410041 -0321 وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے ڈائریکٹر جنرل سید مشاہد حسین خالد کے موبائل نمبر6831822 0300 ، ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ عبد القدوس کے موبائل نمبر 2697051 – 0333موبائل نمبر اور ممبر سنٹرل رویت ہلال کمیٹی حافظ عبدالغفور کو 5947909 0300جبکہ ایڈمنسٹریٹر اوقاف جمال الدین کو لینڈ لائن نمبر 2043428 – 091پر بھی شیئر کی جاسکتی ہے۔
وزارت سائنس وٹیکنالوجی اور محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی شام اسلام آباد ، لاہور ، پشاور اور کراچی میں رمضان کا چانددیکھائی دیئے جانے کے واضح امکانات موجود ہیں اور توقع ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا آغاز 14اپریل بروز بدھ کو ہوگا۔
چیئرمین مولانا عبدالخبیر نے کہا کہ مرکزی روئیت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں زونل کمیٹیوں کی شہادتوں کو دیکھا جائے گا،کوشش ہو گی کہ پورے ملک میں ایک دن روزہ اور عیدہو۔
انہوں نے کہا کہ جوذمہ داری سونپی گئی ہے اس کو بہتر انداز میں نبھانے کی کوشش کروں گا ،اس معاملے میں افہام و تفہیم کی فضا کی ضرورت ہے اس لئے علماءکرام کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔