رواں سال اب تک 8 لاکھ 11 ہزار شہری پولیس خدمت مراکز سے مستفید ہو چکے ہیں،سی سی پی او لاہور

پولیس خدمت مراکز کے ذریعے رواں سال اب تک 8 لاکھ 11 ہزار سے زائد شہری مختلف خدمات سے مستفید ہو چکے ہیں

لاہور۔1جولائی (اے پی پی):پولیس خدمت مراکز کے ذریعے رواں سال اب تک 8 لاکھ 11 ہزار سے زائد شہری مختلف خدمات سے مستفید ہو چکے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جاری بیان میں بتایا ہے کہ اس عرصے کے دوران 65 ہزار سے زائد شہریوں کو پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے جبکہ ایک لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد نے پولیس ویری فکیشن کی سہولت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف پولیس خدمت مراکز پر شہریوں کی جانب سے 186 کرائم رپورٹس درج کروائی گئیں جبکہ سہولت کے پیش نظر 7 ہزار سے زائد گمشدہ دستاویزات کی رپورٹس بھی درج کی گئیں۔ علاوہ ازیں 6 ہزار 443 شہریوں کو ایف آئی آر کی مصدقہ نقول فراہم کی گئیں۔ٹریفک سے متعلق سہولیات کے تحت رواں سال 2 لاکھ 99 ہزار سے زائد لرنر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے جبکہ ایک لاکھ 69 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے گئے۔ اس دوران 83 ہزار 449 ڈرائیونگ لائسنسوں کی تجدید کی گئی جبکہ 7 ہزار 813 انٹرنیشنل اور 2 ہزار 847 ڈوپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے گئے۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ پولیس خدمت مراکز میں شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل آئی ٹی سروسز نے روایتی تھانہ کلچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ لاہور پولیس شہریوں کو ہر ممکن ریلیف اور معیاری پولیسنگ کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔