رواں سال اعلی سطح کے 15 امریکی تجارتی وفود پاکستان کا دورہ کریں گے، افتخار علی ملک

اسلام آباد ۔ یکم فروری (اے پی پی) پاک امریکہ بزنس کونسل کے بانی چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ رواں سال اعلی سطح کے 15 امریکی تجارتی وفود پاکستان کا دورہ کریں گے، ان دوروں سے تجارتی حجم میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ کونسل کی طرف سے یہاں جاری پریس ریلیز …

اسلام آباد ۔ یکم فروری (اے پی پی) پاک امریکہ بزنس کونسل کے بانی چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ رواں سال اعلی سطح کے 15 امریکی تجارتی وفود پاکستان کا دورہ کریں گے، ان دوروں سے تجارتی حجم میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ کونسل کی طرف سے یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ بات ہفتہ کو فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے معروف برآمد کنندگان کے 10رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے انوار الحق اور طارق انوار کی مشترکہ قیادت میں افتخار علی ملک سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعہ دوطرفہ تعلقات کے پوٹینشل سے بھر پور استفادہ کا خواہاں ہے اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی ان مقاصد کے حصول کیلئے امریکی تجارتی وفود کا خیرمقدم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ افتخار علی ملک نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے امریکی سرمایہ کاروں کو بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ یہاں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ معروف بین الاقوامی فرمیں اور یورپی و ایشیائی سرمایہ کار یہاں بڑی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زراعت ، معیشت، مالیات ، توانائی ، مارکیٹ رسائی اور سائنس و ٹیکنالوجی پر ورکنگ گروپس کی سطح پر دوطرفہ مذاکرے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے بھی مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے اور خصوصی اقتصادی زونز میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ امریکی سرمایہ کارانتہائی مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں اور پاکستانی بزنس کمیونٹی ان کے ساتھ پائیدار کاروباری شراکت داری کے فروغ کے لئے ان مواقع سے فائدہ اٹھائے۔ انہوں نے مقامی تاجروں اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ امریکی سرمایہ کاروں کو سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز خاص طور پر فیڈمک کے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا دورہ کرانے کیلئے منصوبہ بندی کریں۔ افتخار ملک نے کہا کہ امریکی توانائی کمپنیوں کیلئے پاکستان میں بہت زیادہ کاروباری مواقع موجود ہیں اور امریکی کمپنیاں ملک بھر میں توانائی کے منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی دوا ساز کمپنیاں زیادہ تر خام مال کی درآمد کرتی ہیں اس لئے امریکی سرمایہ کار علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں فارماسوٹیکل خام مال کے پلانٹس میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ اس کاروبار کی پاکستان میں بے حد گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے اندر تمام صنعتوں کو 10 سال کی مدت کے لئے ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہو گا اور پلانٹس ، مشینری ، خام مال اور دیگر سازوسامان درآمدی فری درآمد کیے جاسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ بزنس کونسل اس ضمن میں حکمت عملی کی تیاری اور دونوں ممالک کے اہم اداروں اور تنظیموں کے مابین تعاون کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔ انوار الحق اور طارق انوار نے کہا کہ مقامی برآمد کنندگان امریکی تجارتی وفود کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے دوروں کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے پاک امریکہ بزنس کونسل کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیوں کے پیش نظر پاکستان کو امریکی منڈیوں تک آزادانہ رسائی دی جانی چاہیے۔

مزید خبریں