روم ۔ 06 اکتوبر (اے پی پی) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ رواں سال عالمی زرعی اجناس کی کل پیداواری مقدار ریکارڈ 2ارب 61 کروڑ 20 لاکھ ٹن رہے گی۔اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک( ایف اے او) نے روم میں اپنے ہیڈکوارٹر میں زرعی اجناس کی طلب و رسد کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق رواں سال عالمی زرعی اجناس کی کل پیداواری مقدار 2ارب 61 کروڑ 20 لاکھ ٹن رہے گی ،جو ایک نیا ریکارڈہو گا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین اور روس میں گندم پیدا کرنے کا مضبوط رجحان اور چین اور امریکہ میں مکئی کی پیداوار میں اضافہ مذکورہ اعدادو شمار کے بڑھنے کی وجہ ہے۔علاوہ ازیں ایف اے او نے یہ بھی اندازہ لگایا کہ اگلے سال کے آخر تک دنیا میں زرعی اجناس کا ذخیرہ 72 کروڑ5 لاکھ ٹن تک جا پہنچے گا۔جس کے نتیجے میں زرعی اجناس کے ذخیرے کی مقدار اور استعمال کی مقدار میں تناسب 27 فیصد رہے گا جو دس سال پہلے کے 20 فیصد کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔