لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):لاہور پولیس منشیات کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے، رواں سال منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون میں 7786مقدمات درج کر کے8031ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ترجمان لاہورپولیس نے بتایا کہ ملزمان کے قبضہ سے5856کلو چرس، 246کلو ہیروئن،142کلو آئس اور54114لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔
سٹی ڈویژن میں منشیات فروشی کے1769ملزمان،کینٹ میں 1666، سول لائنزمیں 844، صدرمیں 1095، اقبال ٹائون میں 1257اورماڈل ٹائون میں 1400ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔سی سی پی او کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس منشیات کی سمگلنگ اور استعمال کی روک تھام کے لئے جامع حکمت عملی پر کاربند اور منشیات سمگلرز اور ان کے سہولت کاروں کے گر د گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین، آن لائن اور کوریئر کمپنیز کے ذریعے خرید و فروخت کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لئے پولیس ٹیمیں شب ورز متحرک ہیں۔انہوں نے سپروائزری افسران کو اپنی زیر نگرانی انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے کیسوں کی تفتیش میں قانونی نقائص چھوڑنے والے پولیس ملازمین کے خلاف محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔
سی سی پی او نے تعلیمی اداروں کے گردونواح میں سرچ و کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھے جانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ میں ملوث جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لا کر سزادی جائے۔