رواں سال مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کا ردعمل موثر رہا، ارلی وارننگ سسٹم کے باعث جانی و مالی نقصان میں نمایاں کمی آئی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ رواں سال مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کا ردعمل موثر رہا، این ڈی ایم اے کے بروقت اقدامات، جدید ٹیکنالوجی اور ارلی وارننگ سسٹم کے باعث جانی و مالی نقصان میں نمایاں کمی آئی، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر حکومت کے تمام اداروں کی مربوط حکمت عملی، پیشگی انتباہ اور بروقت فیصلوں کے …

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ رواں سال مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کا ردعمل موثر رہا، این ڈی ایم اے کے بروقت اقدامات، جدید ٹیکنالوجی اور ارلی وارننگ سسٹم کے باعث جانی و مالی نقصان میں نمایاں کمی آئی، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر حکومت کے تمام اداروں کی مربوط حکمت عملی، پیشگی انتباہ اور بروقت فیصلوں کے لئے اہم قومی اثاثہ ثابت ہوا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے دورے کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزرا احسن اقبال، رانا تنویر حسین، مصدق ملک، میاں محمد معین وٹو اور سینیٹر اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رواں سال مون سون بارشوں کے حوالے سے حکومتی ردعمل انتہائی موثر رہا، گزشتہ سال کی صورتحال سے بہت کچھ سیکھا گیا اور اسی تجربے کی روشنی میں بہتر حکمت عملی اختیار کی گئی۔ انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مون سون اور سیلابی صورتحال کے حوالے سے بروقت اجلاس منعقد کئے جن میں این ڈی ایم اے کے حکام، وفاقی کابینہ کے ارکان، متعلقہ صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ارلی وارننگ سسٹم پر کام کیا اور عوام کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہی فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) دنیا میں اپنی نوعیت کا منفرد مرکز ہے، حکومت کے تمام اداروں کی مربوط حکمت عملی کے موثر نفاذ اور بروقت پیشگی انتباہ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے یہ ایک اہم اثاثہ ثابت ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ارلی وارننگ سسٹم ایک ایسا نظام ہے جس کا جائزہ لینے کے لئے دنیا بھر سے لوگ یہاں آتے ہیں۔ یہاں نصب جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو بروقت معلومات فراہم کی جاتی ہیں جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان میں نمایاں کمی آئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے نہ صرف ذرائع ابلاغ اور روایتی میڈیا سے مدد لی گئی بلکہ پاک این ڈی ایم اے الرٹ ایپلی کیشن کے ذریعے بھی شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ ان کی ڈیوائسز پر معلومات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ تمام متعلقہ وزارتیں، ڈویژنز اور صوبائی حکومتیں باہمی تعاون سے اس چیلنج سے نمٹیں، اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی جا چکی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنا ہر شہری اور پوری کمیونٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جہاں نقصان ہو، کلاؤڈ برسٹ یا ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہو وہاں سب کو امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بعض علاقوں میں چند دنوں کے دوران اتنی بارش ہوئی ہے جو عام حالات میں چھ ماہ کے دوران بھی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات تمام متعلقہ وزارتوں، ڈویژنوں اور این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ وفاقی وزیر نے موسمیاتی چیلنجز، ارلی وارننگ سسٹم اور آفات سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کے حوالے سے نیوز بلیٹن، ٹاک شوز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے عوامی آگاہی مہمات میں تعاون پر پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے حکومت اپنا کردار جاری رکھے گی۔ آنے والے دنوں میں مزید موثر ردعمل ہوگا اور تمام متعلقہ ادارے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے باہمی تعاون سے کام جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں