یورپی یونین کے ادارے ایس ایم آر ٹی بائیو گلوبل کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر فرینک میلس کی چیئرمین نیوٹیک سے ملاقات

یورپی یونین سے منسلک ادارے ایس ایم آر ٹی بائیو گلوبل کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر فرینک میلس نے پیر کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیئرمین نیوٹیک انجینئر قمر الاسلام راجہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت، مہارتوں کی ترقی اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی روزگار اور تربیتی مواقع کے فروغ سے متعلق …

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):یورپی یونین سے منسلک ادارے ایس ایم آر ٹی بائیو گلوبل کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر فرینک میلس نے پیر کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیئرمین نیوٹیک انجینئر قمر الاسلام راجہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت، مہارتوں کی ترقی اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی روزگار اور تربیتی مواقع کے فروغ سے متعلق حکمت عملی پر مبنی تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ عالمی اداروں کے ساتھ اشتراک کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور انہیں بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید وسعت دی جائے۔ چیئرمین نیوٹیک انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ نیوٹیک نوجوانوں کو عالمی منڈی کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنے اور بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے تعاون سے پاکستانی نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک کے تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے شعبے کو عالمی سطح پر مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ انجینئر قمر الاسلام راجہ کی قیادت میں نیوٹیک اپنے بین الاقوامی تعاون کے دائرہ کار کو مسلسل وسعت دے رہا ہے تاکہ پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر بہتر مواقع میسر آ سکیں اور ملک کا تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کا شعبہ مزید مضبوط ہو۔