رواں سال پاکستان کی اقتصادی کارکردگی حوصلہ افزا رہی،ایشیائی ترقیاتی بینک رپورٹ

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان کی معیشت نے 2.7 فیصد کی شرح سے ترقی کی جو کہ ابتدائی تخمینوں سے بہتر ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی تازہ رپورٹ "ایشین ڈویلپمنٹ آئوٹ لک جولائی 2025" میں پاکستان کی اقتصادی کارکردگی کو حوصلہ افزاء قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غذائی اور غیر غذائی اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی پر قابو پانے کے …

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان کی معیشت نے 2.7 فیصد کی شرح سے ترقی کی جو کہ ابتدائی تخمینوں سے بہتر ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی تازہ رپورٹ "ایشین ڈویلپمنٹ آئوٹ لک جولائی 2025” میں پاکستان کی اقتصادی کارکردگی کو حوصلہ افزاء قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غذائی اور غیر غذائی اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی پر قابو پانے کے باعث پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ مالی سال 2025 کے پہلے 11 مہینوں میں افراط زر کی شرح میں مسلسل کمی دیکھنے میں آئی جس کی بنیاد پر مہنگائی کی پیش گوئی میں بھی کمی کی گئی ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق صنعتی اور خدمات کے شعبوں میں توقع سے زیادہ بہتری اور زراعت کے شعبے میں درکار اصلاحات نے مجموعی ترقی کے ہدف کو تقویت دی ہے۔اے ڈبی بی نے رواں مالی سال کے لیے اوسط مہنگائی کا تخمینہ 5.8 فیصد پر برقرار رکھا ہے جبکہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے لیے اوسط مہنگائی کا ہدف 7.5 فیصد رکھا ہے۔اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپریل 2025ء میں آئوٹ لک رپورٹ جاری کی تھی جس میں رواں مالی سال کے لیے پاکستان کی معاشی شرح نمو 3 فیصد اور مہنگائی کا تخمینہ 5 اعشاریہ 8 فیصد لگایا تھا جس کو اب تازہ رپورٹ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی تازہ رپورٹ میں ایشیا اور پیسفک ممالک کے لیے معاشی شرح نمو کا تخمینہ رواں مالی سال 0.2 فیصد کمی سے 4.7 فیصد اور آئندہ مالی سال مزید کم ہو کر 4.6 فیصد لگایا ہے جس کی وجوہات میں امریکا کی جانب سے ٹیرف میں اضافے کے نتیجے میں برآمدات میں ممکنہ کمی، تجارتی غیر یقینی اور جیو پولیٹیکل ٹینشن سمیت دیگر عوامل کو قرار دیا گیا ہے۔

عالمی سطح پر تجارتی غیر یقینی صورتحال، امریکا کی جانب سے بلند ٹیرف، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور چین میں پراپرٹی مارکیٹ کی سست روی جیسے عوامل نے ترقی پذیر ایشیائی خطے کے لیے چیلنجز میں اضافہ کیا ہے تاہم پاکستان کی اندرونی معاشی پالیسیوں اور مہنگائی میں کمی کے اثرات مثبت ثابت ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے مالی سال 2026 کی ترقی کی پیش گوئی مستحکم رکھی گئی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے جاری مالیاتی اصلاحات، اقتصادی نظم و ضبط اور کاروباری ماحول میں بہتری مستقبل کی ترقی کو مزید مستحکم بنائیں گی۔

مزید خبریں