رواں سال چین اور امریکا کے تعلقات کے لئے تاریخی سال ثابت ہوگا،شی جن پنگ

رواں سال چین اور امریکا کے تعلقات کے لئے تاریخی سال ثابت ہوگا،شی جن پنگ

بیجنگ۔14مئی (اے پی پی):چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ وہ توقع رکھتے ہیں کہ سال 2026 چین اور امریکا کے تعلقات میں ایک "تاریخی اور اہم سنگِ میل” ثابت ہوگا، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔شنہوا کے مطابق بیجنگ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور امریکا کے درمیان اختلافات سے زیادہ مشترکہ مفادات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ملک کی کامیابی دوسرے کے لیے بھی موقع ہوتی ہے، جبکہ چین اور امریکا کے درمیان مستحکم تعلقات پوری دنیا کے مفاد میں ہیں۔چینی صدر نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو حریف کے بجائے شراکت دار بننا چاہیے اور ایک دوسرے کی ترقی و خوشحالی میں تعاون کرنا چاہیے۔

ان کے مطابق نئی عالمی صورتحال میں بڑی طاقتوں کے درمیان مثبت تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔شی جن پنگ نے کہا کہ وہ دونوں ممالک اور دنیا کو درپیش اہم مسائل پر صدر ٹرمپ کے ساتھ تفصیلی گفتگو کے منتظر ہیں تاکہ چین اور امریکا کے تعلقات کو درست سمت دی جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین اور امریکا کو مل کر موجودہ دور کے بڑے عالمی چیلنجز کا جواب دینا ہوگا۔