رواں مالی سال بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 208 فیصد اضافہ

68

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):رواں مالی سال میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 208 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ٹاپ لائن سکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق جاری ما لی سال میں 10 ماہ اور 6 دن میں یکم جولائی 2021 تا 6 مئی 2022 کے دوران بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کو تازہ قرضوں کی فراہمی کا حجم 1.296 کھرب روپے تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں نجی شعبہ کو 421 ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے تھے۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں 10 ماہ اور چند دنوں کے دوران بینکوں کی جانب سے شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 875 ارب روپے یعنی 207.83 فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ 20 بینکوں نے جنوری تا مارچ 2022 میں 80.712 ارب روپے کا خالص نفع کمایا جبکہ گزشتہ سہ ماہی میں اکتوبر تا دسمبر 2021 کے لئے منافع کا حجم 67.613 ارب روپے رہا تھا۔ اس طرح 2022 کی پہلی سہ ماہی کے لئے بعد از ٹیکس آمدن میں 19 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔