سرگودہا۔19نومبر (اے پی پی):نگراں وزیر ِاعلی پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں میرج فنکشنز ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے۔ اسی سلسلے میں کمشنر سرگودہاڈویژن محمد اجمل بھٹی نے بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جنہوں نے ڈویژن بھر میں شادی ہالز کی نگرانی شروع کر دی ہے۔
رواں ماہ چاروں اضلاع میں 948شادی ہالز کا معائنہ کیا گیا جبکہ ون ڈش کی خلاف ورزی کرنے پر 50شادی ہالز مالکان کو مجموعی طور پر 16لاکھ 65ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وقت کی پابندی نہ کرنے پر ایک شادی ہال مالک کو بھی 20ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
تنبیہ کے باوجود ون ڈش کی خلاف ورزی اور وقت کی پابندی نہ کرنے والے دو شادی ہالز مالکان کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔ سرگودہا میں 485شادی ہالز کا معائنہ کرکے 38کو قانون شکنی پر 11لاکھ 85ہزار روپے جرمانہ جبکہ خوشاب میں 178شادی ہالز کا معائنہ کرکے چار کو خلاف ورزی کرنے پر تین لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
اس طرح میانوالی میں 104اور بھکر میں 181شادی ہالز کا معائنہ کیا گیا جن میں آٹھ کو خلاف ورزی کرنے پر ایک لاکھ اسی ہزار روپے جرمانہ کرنے کے علاوہ دو ہالز کے مالکان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
اس موقع پر کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے میڈیا کے نمائندوں کو بھی بریفنگ دی اور کہا کہ ڈویژن بھر میں میرج ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف شکنجہ کس لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی، حکومت پنجاب کی ہدایات پر من و عن عمل کیا جائے گا۔