ماسکو۔9اگست (اے پی پی):روس میں کرپٹو کرنسی کی مائننگ کو قانوی حیثیت دے دی گئی۔ رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے اس حوالہ سے قانون پر دستخط کر دیئے ہیں۔ روس میں قانونی معلومات کے سرکاری پورٹل پر جاری کی جانے والی دستاویز کے مطابق نئے قانون نے ڈیجیٹل کرنسی مائننگ، مائننگ پولز، اور مائننگ کے بنیادی ڈھانچے کے آپریٹرز سمیت کئی کلیدی تصورات متعارف کرائے ہیں، اور کرپٹو مائننگ مارکیٹ کے شرکا کے حقوق اور ذمہ داریوں کی وضاحت کی ہے۔
نئے قانون میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف قانونی اداروں اور حکومت کے ساتھ رجسٹرڈ انفرادی کاروباری افراد کو کریپٹو کرنسی کی مائننگ کی اجازت ہوگی۔ تاہم، انفرادی طور پر کرپٹو کرنسی کی مائننگ کرنے والے رجسٹریشن کے بغیر مائننگ کرسکتے ہیں جس کے لئے شرط یہ ہے کہ ان کی بجلی کی کھپت حکومت کی مقرر کردہ حدود میں رہے۔نئے قانون میں ڈیجیٹل کرنسی کے اجرا کی بجائے کرپٹوکرنسی کی مائننگ کو آمدن کے حصے کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے ۔ نئے روسی قانون میں روسی بلاک چین پلیٹ فارمزپرغیر ملکی ڈیجیٹل مالیاتی اثاثوں کی تجارت کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ تاہم، بینک آف روس کے پاس بعض اثاثوں پرپابندی لگانے کا اختیار برقرار ہے گا جو اس صورت میں ہو گا کہ وہ ملک کے مالی استحکام کے لیے خطرہ سمجھے جائیں۔
اس قانون میں کرپٹو کرنسیوں کی تشہیر اور لامحدود تعداد میں لوگوں کو ان کی پیشکش پر پابندی بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ، قانون بعض علاقوں یا مخصوص خطوں میں کرپٹو کرنسی کی مائننگ پر پابندی عائد کرنے کا امکان فراہم کرتا ہے۔ روس میں ڈیجیٹل کرنسی کی گردش پر پابندی اس حوالہ سے ابتدائی قانون سازی میں شامل نہیں تھی۔اس قانون پر عملدرآمد اس کی سرکاری طور پر اشاعت کے دس دن بعد شروع ہو گا۔
روسی صدر نے گزشتہ ماہ کی 17 تاریخ کو منعقد ہو نےو الے ایک اجلاس میں کرپٹو کرنسیوں اور ڈیجیٹل اثاثوں کو ریگولیٹ کرنے کا مسئلہ اٹھایاتھا اور اس امید کا اظہار کیا تھا کہ یہ شعبہ ملکی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہاتھا کہ روس کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ فوری طور پر قانونی فریم ورک اور ضابطے کی تشکیل کرے، بنیادی ڈھانچہ تیار کرے اور ملک کے اندر اور غیر ملکی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات میں ڈیجیٹل اثاثوں کی گردش کے لیے حالات پیدا کرے۔ بینک آف روس کی سربراہ ایلویرا نبیولینا نے قبل ازیں ایک بیان میں کہا تھا کہ بینک رواں سال کے آخر تک دیگر ممالک کو کرپٹو کرنسی میں ادائیگیاں شروع کر دے گا۔