ماسکو۔8مارچ (اے پی پی):روس نے بعض امریکی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ رشیا ٹوڈے کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی طر ف سے ماسکو میں تعینات امریکی سفیر لین ٹریسی کو بتایا گیا کہ روس میں کام کرنے والے امریکی سفارت کار جوروسی حکومت کی جانب سے ناپسندیدہ قرار دیئے گئے بعض غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں، انہیں ملک بدر کیا جا سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی وزارت خارجہ کی طرف سے امریکی سفیر کو طلب کر کے انہیں تین این جی اوز کی تبدیل شدہ قانونی حیثیت کے بارے میں مطلع کیا گیا ۔ روس کا موقف ہے کہ یہ این جی اوز جن کو ماسکو میں امریکی سفارت خانے کی حمایت حاصل ہے، روس مخالف نوعیت کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں، جن کا مقصد تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کی آڑ میں ایجنٹ بھرتی کرنا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی طرف سے امریکی سفیر لین سفیر ٹریسی کو ایک باضابطہ نوٹ جاری کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ امریکی سفارت خانے کی طرف سے ان کالعدم گروہوں کے ساتھ تمام تعلقات منقطع کئے جائیں اور سفارت خانے کی ویب سائٹ ان تینوں این جی اوز سے متعلق مواد کو ہٹا یا جائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی حکومت کسی بھی قسم کی تخریبی کارروائیوں اور غلط معلومات کو پھیلانے کو روکنے کے لیے کارروائی کرے گی، جس میں سفارت خانے کے عملے کو روسی قانون کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں ناپسندیدہ شخصیات قرار دینا بھی شامل ہے۔
روسی قوانین کے مطابق ناپسندیدہ قرار دی جانے والی این جی اوز کے بہت سے حقوق معطل کر دیئے جاتے ہیں، یہ روس میں اپنے دفاتر قائم نہیں کر سکتیں اور نہ ہی مالیاتی نظام کو استعمال کر سکتی ہیں ۔ اس کے علاوہ ایسی این جی اوز اپنے نام سے کچھ بھی شائع نہیں کر سکتیں اور ان پر افراد اور اداروں کے ساتھ کوئی کاروبار کرنے پر پابندی عائد ہو تی ہے۔