روس کی وینزویلا کی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی، قائم مقام صدر کے لئے نیک تمنائیں

ماسکو۔7جنوری (اے پی پی):روس نے وینزویلا کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ملک کی قائم مقام صدر کے فرائض سنبھالنےپر ڈیلسی روڈریگز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدام وینزویلا کی قیادت کے ریاستی وحدت کو یقینی بنانے کے پختہ ارادے کی عکاسی کرتا ہے۔ روسی وزارت نے وینزویلا کی …

ماسکو۔7جنوری (اے پی پی):روس نے وینزویلا کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ملک کی قائم مقام صدر کے فرائض سنبھالنےپر ڈیلسی روڈریگز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدام وینزویلا کی قیادت کے ریاستی وحدت کو یقینی بنانے کے پختہ ارادے کی عکاسی کرتا ہے۔ روسی وزارت نے وینزویلا کی خودمختاری اور اس کے قومی مفادات کے تحفظ کے لئے کی جانے والی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وینزویلا کے عوام کو بغیر کسی بیرونی مداخلت کے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہونا چاہیے۔

روس نے کشیدگی میں کمی اور موجودہ مسائل کے حل کےلئےتعمیری مکالمے پر زور دیتے ہوئےاقوام متحدہ کے منشور اور قانون کی بالادستی کے احترام پر زور دیا۔ روس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ لاطینی امریکا اور بحیرہ کیریبین کا خطہ امن کا گہوارہ رہنا چاہیے۔ روسی وزارت نے وینزویلا کے عوام اور حکومت کے ساتھ اپنی مستقل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے دوست ملک وینزویلا کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی تیاری ظاہر کی۔وینزویلا کے حق میں روسی مؤقف دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی سٹریٹجک تعلقات کے تناظر میں سامنے آیا ہے جن میں سیاسی ،عسکری اور معاشی تعاون شامل ہے۔ ان تعلقات کی بنیاد سابق صدر ہوگو شاویز کے اقتدار میں آنے کے بعد پڑی اور بعد ازاں نیکولاس مادورو کے دور میں مزید مضبوط ہوئی۔