5 اگست 2019 کا دن کشمیریوں کی شناخت، حقوق اور خصوصی حیثیت پر حملہ تھا جسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا، مریم نواز شریف

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا دن کشمیریوں کی شناخت، حقوق اور خصوصی حیثیت پر حملہ تھا جسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا، کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری ر کھیں گے ۔

لاہور۔5اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا دن کشمیریوں کی شناخت، حقوق اور خصوصی حیثیت پر حملہ تھا جسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا، کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری ر کھیں گے ۔

یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلی ٰ نے آزادی کی جدوجہد میں قربانیاں دینے والے شہدا کے خاندانوں کے صبر و استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حقِ خودارادیت کی طویل جدوجہد میں پاکستانی عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر موجودہ دور میں کرہ ارض کا سب سے بڑا انسانی المیہ ہے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سامراج کے ظلم و جبر نے خطے میں آگ بھڑکا رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر بنے گا پاکستان کی صدائیں آج پوری دنیا میں گونج رہی ہیں اور عالمی برادری کو کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف نے ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر دو ٹوک اور اصولی موقف اختیار کیا ،پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔