بیجنگ ۔20اکتوبر (اے پی پی):مشرق وسطیٰ کے لیےچین کے خصوصی مندوب ژائی جون نے کہاکہ ہم روس کے ساتھ مل کر اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع کا منصفانہ حل تلاش کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ دونوں ممالک فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کو بحال کرنے کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے اور دو ریاستی اقدام کو صحیح معنوں میں نافذ کرے گا اور اس میں تعاون کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ مسئلہ فلسطین کا جلد از جلد ایک جامع، منصفانہ اور دیرپا حل تلاش کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے شہریوں کی ہلاکتوں اور فلسطین میں تیزی سے بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر غمزدہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے نزدیک اس تازہ ترین کشیدگی کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کا ادراک نہیں کیا گیا۔