روس یوکرین جنگ عالمی تجارت وسرمایہ کاری کو نئی شکل دے رہی ہے،افتخار ملک

164

لاہور۔8دسمبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ عالمی تجارت اور سرمایہ کاری کو نئی شکل دے رہی ہے، اتوار کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ روس یوکرین جنگ کے جلد خاتمے کے کوئی آثار نہیں اور یہ خطرہ بڑھتا جا رہا ہے کہ پہلے سے ہی مشکلات کا شکار عالمی معیشت کساد بازاری میں تبدیل ہوتی جا رہی ہے،

انہوں نے کہا کہ 2022 فروری کے آخر میں جب عالمی معیشت کوویڈ کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران سے نکل کر بحالی کی طرف گامزن ہوئی ہی تھی کہ روس اور یوکرین کے درمیان بحران شدت اختیات کر گیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت کا منظر نامہ تاریک نظر آتا ہے اور جنوبی ایشیاء بھی اس سے یکساں طور پر متاثر ہورہا ہے،۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے معیشت کی بحالی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، روس اور یوکرین تیل، گیس اور اجناس کی عالمی سپلائی میں نمایاں حصہ دار ہیں، اس لئے اس تنازعہ کے نتیجے میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،

افتخار ملک نے کہا کہ امیر ممالک کے علاوہ موجودہ عالمی بحران کا اثر جنوبی ایشیاء پر بھی پڑے گا اور اس کی اقتصادی سرگرمیاں سکڑ جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس کے اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے تاکہ اس کی وجہ سے منڈلاتے خطرے کو دور کیا جا سکے۔