اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعے سمندر پارپاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 5.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، ان اکائونٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے اب تک مجموعی طور پر 3.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2020 کے بعد سے لے کر اب تک سمندر پار پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعے مجموعی طورپر5.811 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا ہے۔ فروری 2023 میں ان اکائونٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے 125 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو جنوری میں 110 ملین ڈالر اور گزشتہ سال فروری میں 250 ملین ڈالر تھا۔
فروری کے دوران روشن ڈیجیٹل کے اکائونٹس میں 11854 کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی کھاتہ داروں کی تعداد 536676 ہو گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل کائونٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے ملک میں مجموعی طور پر 3.704 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ان اکائونٹس کے ذریعے اب تک سمندر پار پاکستانیوں نے نیاپاکستان روایتی سرٹیفکیٹس میں 1.833 ارب ڈالر ، نیاپاکستان اسلامی سرٹیفکیٹس میں 1.822 ارب ڈالر اور پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 49 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
سمندر پار پاکستانیوں نے آر ڈی اے کے ذریعے فروری میں ملک میں 87 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جن میں نیا پاکستان روایتی سرٹیفکیٹس میں 33 ملین ڈالر ، نیاپاکستان اسلامی سرٹیفکیٹس میں 53 ملین ڈالر اور پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایک ملین ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے۔