اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں قابل تجدید توانائی سمیت ماحولیاتی پائیداری کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان قابل تجدید توانائی کے شعبے میں شراکت داری پر بات چیت ہوئی ۔
آذربائیجان کے سفیر نے پاکستان کو گرین انرجی کوریڈور میں شامل ہونے کی پیشکش کی۔وزیراعظم کی کوآرڈینیٹرنے آذربائیجان کے ساتھ علاقائی سبز توانائی کے حوالے سے تعاون پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان ماحولیاتی پائیداری کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔رومینہ خورشید نے کہا کہ سبز توانائی کاربن کے اخراج کو کم کرکے خطے کے پائیدار مستقبل کو فروغ دیگی۔