احمدآباد۔19نومبر (اے پی پی):جارح مزاج بھارتی بیٹر روہت شرما ورلڈکپ کے ایک ایڈیشن میں زیادہ رنز بنانے والے کپتان بن گئے۔ انہوں نے اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے ورلڈکپ فائنل میں 47 رنز کی اننگز کھیل کر کیوی کپتان کین ولیمسن کا ورلڈکپ کے ایک ایڈیشن میں زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ کر یہ سنگ میل عبور کیا۔
شرما نے ورلڈکپ 2023 میں 11 اننگز میں 597 رنز بنائے جس میں ان کی ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ کین ولیمسن نے 2019 ورلڈکپ میں بطور کپتان 578 رنز بنائے تھے۔اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں کسی ایک ٹیم کے خلاف زیادہ چھکوں کا نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف مجموعی طور پر 86چھکے لگارکھے ہیں، اس سے قبل کسی ایک ٹیم کے خلاف زیادہ چھکے لگانے کا عالمی اعزاز سابق ویسٹ انڈین بیٹر کرس گیل کو حاصل تھا جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف مجموعی طور پر 85چھکے لگا رکھے تھے۔