کوئٹہ۔ 17 فروری (اے پی پی):رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے گوادر میں بگ کیچ اپ ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) بوہیر دشتی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالطیف دشتی، ایم ایس ٹیچنگ اسپتال ڈاکٹر حفیظ بلوچ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر شاہنواز بلوچ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر ظفر اقبال، کمیونٹی کمیونیکیشن آفیسر شے صغیر سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے اور اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
ویکسینیشن مہم 17 فروری سے 28 فروری تک جاری رہے گی، جس کا مقصد بچوں کو مہلک، جان لیوا اور معذوری کا سبب بننے والی بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے والدین اور سول سوسائٹی کے ہر فرد سے اپیل کی کہ وہ پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو ہر صورت ویکسین لگوائیں تاکہ وہ صحت مند زندگی گزار سکیں۔انہوں نے معاشرے کے تمام افراد پر زور دیا کہ وہ ویکسینیشن ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ یہ مہم ضلع بھر میں کامیابی سے ہمکنار ہو سکے اور ہر بچہ حفاظتی ٹیکوں کی سہولت سے مستفید ہو۔