راولپنڈی۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے چیف ٹریفک افسر راولپنڈی بینش فاطمہ کے ہمراہ شہباز شریف پارک، راول روڈ کا دورہ کیا ۔ ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے انہیں پارک میں دستیاب عوامی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی اور شہباز شریف پارک میں جم، کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ممبر قومی اسمبلی حنیف عباسی نے پی ایچ اے کے عوامی تفریحی سہولیات کے حوالے سے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئےکوشاں ہے ۔
انہوں نےکہا کہ پارکس کسی بھی شہر کی خوبصورتی کا نمایاں حصہ ہوتے ہیں اور راولپنڈی اس حوالے سے بہت خوبصورت اہم ترین شہر ہے جہاں قدرتی گرینری اور بہتر سہولیات کے حامل پارکس دستیاب ہیں۔ چیف ٹریفک افسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے ڈی جی پی ایچ اے کا عوام کی سہولت کے پیش نظر ڈرائیونگ سنٹر کے لئے شہباز شریف پارک میں سنٹر کے لئے عارضی طور پر جگہ فراہم کرنے کے لئے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے شہر میں رکشہ و موٹر سائیکل ڈرائیورز کے لئے اہم سہولت کا آغاز کیا گیا ہے اور ہر اتوار رکشہ ڈرائیور شہباز شریف پارک میں لرنر اور ٹیسٹ دے کر ڈرایئونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کے تعاون سے شہر میں رکشہ ڈرائیورز کے لئے لائسنس کی سہولت کا آغاز کیا جا چکا ہے اور اس سہولت سے راولپنڈی شہر کے رکشہ ڈرائیورز کو بھر پور استفادہ کرنا چاہئے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے شہباز شریف پار ک راول روڈ پر ممبر قومی اسمبلی حنیف عباسی اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کو خوش آمدید کیا اور انہیں پارک میں موجود عوامی سہولیات کے حوالے سے تفصیلاً بریف کیا۔احمد حسن رانجھا نے کہا کہ پی ایچ اے شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پر عزم ہے اور پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق شہریوں کی جسمانی صحت کے حوالے سے اہم سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے ہوئے ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے کہاکہ عوام کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے راولپنڈی ٹریفک پولیس کو شہباز شریف پارک میں عارضی ڈرائیونگ سنٹر کے لئے پارکنگ میں جگہ فراہم کی گئی ہے اور کوئی بھی مناسب آفس ملنے کے لائسنس ڈرائیونگ سنٹر وہاں شفٹ کر دیا جائے گا۔