ٹوکیو ۔ 08 اکتوبر (اے پی پی) جاپان میں جاری نویں رگبی ورلڈ کپ 2019ء میں بدھ کو تین میچ کھیلے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق رگبی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، میگا ایونٹ میں آج بدھ کو پہلا میچ پول اے کی ٹیموں روس اور سکاٹ لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، دوسرے میچ میں پول سی کی ٹیمیں امریکہ اور ارجنٹائن مدمقابل ہونگی جبکہ تیسرے میچ میں پول ڈی کی ٹیمیں فجی اور ویلز آمنے سامنے ہونگی۔ واضح رہے کہ عالمی کپ میں دنیا کی بہترین 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، جاپان، روس، ساموا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، اٹلی، نمیبیا، کینیڈا، انگلینڈ، فرانس، ارجنٹائن، امریکا، ٹونگا، آسٹریلیا ویلز، جارجیا، فجی اور یوروگوئے شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کر رہی ہے، ٹورنامنٹ کا فائنل 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔