بین الاقوامی سطح پر لوہے کے سکریپ کی قیمت میں کمی کے باعث سریا کے نرخ میں کمی متوقع ہے، اقتصادی تجزیہ کار

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران بین الاقوامی سطح پر لوہے کے سکریپ کی قیمت میں 50 ڈالر فی ٹن کی کمی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ نو ماہ کے دوران قیمت میں 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے’ سٹیل سکریپ کی عالمی قیمت میں کمی سے ملک میں لوہے کی مصنوعات اور بالخصوص سریا کے نرخوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ جے ایس ریسرچ کے اقتصادی تجزیہ کار ارسلان احمد نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران سٹیل سکریپ کی عالمی قیمت میں 50ڈالر فی ٹن تک کمی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ نو ماہ کے دوران سٹیل سکریپ کی بین الاقوامی 30 فیصد کی کمی سے 238 ڈالر فی ٹن تک کم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور چین کی تجارتی جنگ کے نتیجہ میں قیمتوں میں کمی کا رحجان ہے۔ رپورٹ کے مطابق سٹیل سکریپ کی قیمت میں کمی سے سریا کی قیمت میں کمی سے تعمیرات کی صنعت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سالانہ 4.5 ملین ٹن سریا کی پیداوار حاصل کی جارہی ہے جس میں سے 3.5 ملین ٹن سریا سکریپ سے تیار کیا جات اہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ قیمتوں میں کمی کے باعث سریا تیار کرنے والی کمپنیاں صارفین کو قیمت میں کمی کا فائدہ پہنچائیں گی اور قیمت میں 50 تا 60 فیصد کمی متوقع ہے۔