پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو مضبوط تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری میں بدلنا ہوگا، اسحاق ڈار
پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو مضبوط تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری میں بدلنا ہوگا، اسحاق ڈار

مزید خبریں
اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط، پائیدار اور بامعنی تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان۔ترکیہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئےپاکستان کے منفرد جغرافیائی محلِ وقوع کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ، وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرقی ایشیا کے درمیان ایک اہم پل اور علاقائی رابطہ کاری کی راہداری کی حیثیت رکھتا ہے، جو تجارت اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے ترک کاروباری اداروں کو پاکستان کے سرمایہ کار دوست ماحول سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور مشترکہ کاروباری منصوبوں میں شمولیت اختیار کریں۔






