پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، شزا فاطمہ خواجہ

پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، شزا فاطمہ خواجہ

استنبول۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائےانفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں سالانہ 20 فیصد سے زائد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے اور ان کا حجم 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےہفتہ کو یہاں پاکستان ترکیہ بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستانی فری لانسرز نے 1.1 ارب ڈالر کی برآمدات میں حصہ ڈالاجبکہ ملک بھر میں 26 ہزار سے زائد آئی ٹی کمپنیاں اور ہر سال 75 ہزار ٹیکنالوجی گریجویٹس ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان آؤٹ سورسڈ سروسز فراہم کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے اور یہاں 35 سال سے کم عمر افراد کی تعداد 150ملین سے زائد ہے۔

شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلی کام صارفین کی تعداد 200 ملین سے تجاوز کر چکی ہے جن میں 157ملین موبائل انٹرنیٹ صارفین شامل ہیں جبکہ ملک کی 97 فیصد آبادی کو تھری جی اور فور جی سروسز کی سہولت میسر ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملک کے 11 شہروں میں پہلے ہی فائیو جی سروس فعال کی جا چکی ہےجبکہ سائبر سکیورٹی، سیمی کنڈکٹرز، سیٹلائٹس اور ڈیٹا سینٹرز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔