چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا فوزیہ حبیب کےانتقال پر اظہار افسوس

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا فوزیہ حبیب کےانتقال پر اظہار افسوس

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سابق رکنِ قومی اسمبلی فوزیہ حبیب کےانتقال پر گہرے رنج و غم اور دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کواپنے تعزیتی بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فوزیہ حبیب کے انتقال کی خبر سن کر انتہائی دکھ اور صدمہ ہوا ہے۔ مرحومہ ایک متحرک سیاسی رہنما تھیں، جن کی سیاسی و عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی وفات پارٹی اور ملک کے سیاسی منظر نامے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے سوگوارخاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس مشکل گھڑی میں وہ اور سینیٹ آف پاکستان مرحومہ کے اہلِ خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پسِ ماندگان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔چیئرمین سینیٹ نے مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ فوزیہ حبیب کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام اور درجات بلند فرمائے۔ (آمین)