ریاستی ادار ے ملک بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

138
TAHIR MEHMOOD

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ریاستی اداروں سے کہا ہے کہ وہ ملک بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں، پاکستان برادر اسلامی ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی، قطر اور ایران سیمت برطانیہ، امریکہ اور یورپی ممالک کی جانب سے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے انسانی امداد کا شکر گزار ہے۔

اتوار کو اے پی پی کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس مکروہ دھندہ میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے کیونکہ انہوں نےمون سون کی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے مشکل صورتحال کا سامنا کرنے والے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے، ملک میں مصنوعی مہنگائی پیدا کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ تھوک اورسیل دونوں بازاروں میں اشیا کی قلت کا بہانہ بنا کر انہوں نے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں ایک رات میں کئی گنا اضافہ کر دیا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہو گئی ہیں۔انہوں نے تاجر برادری سے کہاکہ وہ معمولی منافع پر چیزیں فروخت کریں کیونکہ یہ ملک بھر میں سیلابی صورتحال کے باعث بحران کا شکار لوگوں کی ایک طرح سے مدد بھی ہو گی۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ موسلا دھار بارشیں اور سیلاب ہماری کوتاہیوں کی وجہ سے آفت میں بدل گئے کیونکہ گزشتہ 75 سالوں میں ہم ملک میں نہ ڈیم اور نہ ہی آبی ذخائر بنا سکے ۔انہوں نے سیاسی اور مذہبی قیادت کو تجویز دی کہ وہ اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تقریباً تین ماہ تک امدادی سرگرمیوں پر توجہ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ہم پاکستانی فوج اور مذہبی تنظیموں کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے جس طرح سیلاب زدگان کی خدمت کی ہے اور وہ زبردست طریقے سے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی، قطر اور ایران سیمت برطانیہ، امریکہ اور یورپی ممالک کی جانب سے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے انسانی امداد کا شکر گزار ہے۔