پشاور۔ 28 جنوری (اے پی پی):گورنرخیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ قبائلی عوام کی ملک و قوم کیلئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، قبائلی عوام کے ریاست اور ریاستی اداروں کیساتھ ہمیشہ سے مثالی روابط رہے ہیں،بحیثیت قوم ریاستی تشخص کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا، ضم اضلاع کی محرومیوں کے خاتمہ کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت جامع اقدامات اٹھا رہی ہیں، بہت جلد قبائلی علاقوں کو صوبے کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابرلایا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےضم ضلع مہمند سے امان اللہ مہمند کی قیادت میں قوم بائزئی حسن خیل کے اکابرین، مشران و نوجوانوں پر مشتمل 60 رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پرمئیر پشاورحاجی زبیرعلی بھی موجود تھے،
وفد نے گورنر کو عوام کو درپیش مسائل بالخصوص نئے اور پرانے شناختی کارڈ شناختی کارڈ کے اجراء سمیت دیگر علاقائی مسائل سے گورنر کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نادرا آفس کیجانب سے عوام علاقہ کو شناختی کارڈ کے اجراء میں تکلیف دہ عمل سے گزرنا پرتا ہے جس پر گورنر نے کہا کہ نادرا دفتر کے حکام کے ساتھ اس مسئلہ کو اٹھایا جائے گا اورعوام علاقہ کو شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا،
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا ضم اضلاع کی ترقی وخوشحالی اولین ترجیح ہے، قبائلی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،
ضم اضلاع کے عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کیاجائیگا اوراُن کے محرومیوں کا خاتمہ کیاجائیگا، کسی بھی معاشرے کی ترقی وخوشحالی کیلئے امن ناگزیر ہے، ملک کی حفاظت اورامن و امان کے قیام کیلئے ہم سب کومشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرناہوگا۔