ریاض میٹرو دنیا کے بڑے پروجیکٹس میں سے ایک ہے، ابراہیم السلطان

106

ریاض۔30نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کے ریاض رائل کمیشن کے سی ای او ابراہیم السلطان نے کہا ہے کہ ریاض میٹرو میں 6500 سعودی اہلکارو ں کو تعینات کیا گیا ہے جن میں 50 فیصد خواتین شامل ہیں۔ الاخباریہ کے مطابق رائل کمیشن کے سی ای او نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ریاض میٹرو اب تعمیراتی مرحلے سے نکل کر آپریشنل اسٹیج میں ہے۔ منصوبے پر روز اول سے ہی منظم انداز میں کام کیا گیا جبکہ میٹرو کےلیے کارکنان کی تربیت کا آغاز بھی مختلف مراحل میں مکمل ہوا۔

سمارٹ سٹیز کے ڈائریکٹر جنرل اور شاہ عبدالعزیز پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کے ڈیجیٹل سروسز سپروائزر ڈاکٹر ماہر شیرہ نے کہا ہے کہ ریاض میٹرو کا شمار دنیا کے اہم اور بڑے منصوبوں میں ہوتا ہے۔ ریلوے ٹریک کی مجموعی لمبائی 176 کلو میٹر ہے جبکہ 3000 کلو میٹر بسوں کا ٹریک اس کے علاوہ ہے۔انہوں نے کہا مزید سروسز کا جلد اعلان کیا جائے گا جو عالمی سطح پر اپنی نوعیت کی پہلی ہوں گی۔انہوں نے میٹرو کے ٹکٹ کے بارے میں بتایا کہ اس کی قیمت کم رکھی گئی ہے

تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اسے استعمال کرسکیں۔ اکانومی کلاس کے کرایے 4 ریال سے 140 ریال تک جبکہ فرسٹ کلاس کےلیے 11 ریال سے 250 ریال تک ہوں گے۔