ریاض میں ’’ٹورائز 2027‘‘ فورم کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز آئندہ سال 23 مارچ سے ہو گا

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر سرپرستی’’ ٹورائز 2027‘‘ فورم کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ریاض میں آئندہ سال 23 مارچ سے ہو گا، جو 25 مارچ تک جاری رہےگا۔

ریاض۔18ستمبر (اے پی پی):سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر سرپرستی’’ ٹورائز 2027‘‘ فورم کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ریاض میں آئندہ سال 23 مارچ سے ہو گا، جو 25 مارچ تک جاری رہےگا۔

اردو نیوز کے مطابق سعودی وزیر سیاحت اور ٹورائز فورم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد بن عقیل الخطیب نے گزشتہ روز ’’ٹورائز 2027‘‘ فورم کے دوسرے ایڈیشن کے انعقاد کا اعلان کیا ۔ فورم کے دوسرے ایڈیشن کا عنوان ’’اتحادی جو دنیا کو متحرک کریں‘‘ ہے ۔ فورم میں دنیا بھر سے سیاحت، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، ثقافت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔ شرکا مختلف شعبوں کو درپیش اہم چیلنجز اور میسر مواقع پر تبادلہ خیال کریں گے، عالمی سیاحت کے حوالے سے آئندہ مرحلے کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ٹورائز فورم کو سرمایہ کاری کے حوالے سے نمایاں عالمی پلیٹ فارم بھی قرار دیا جاتا ہے۔

اس سے سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا کرنے، جدت طرازی کو تیز کرنے اور مسافروں کے تجربے کو مزید آسان بنانے میں مدد ملے گی، جس کے نتیجے میں زیادہ ترقی یافتہ پائیدار اور جامع عالمی سیاحتی معیشت کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔وزیر سیاحت نے کہا ہے کہ سیاحت کا مستقبل کسی ایک منزل، کمپنی یا ادارے کے ذریعے تشکیل نہیں پائے گا بلکہ اس کا تعین ان مضبوط اتحادوں سے ہوگا جو سب مل کر قائم کریں گے۔ ’’ ٹورائز فورم‘‘کے دوسرے ایڈیشن کے ذریعے دنیا کو ریاض آنے اور ایسے اتحاد قائم کرنے کی دعوت دی جا رہی ہے جو آئندہ 50 سال کے سیاحتی شعبے کے خدو خال تشکیل دے گا۔

گلوبل ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کے صدر و چیف ایگزیکٹو اور فورم کی بورڈ آف ٹرسٹیز کی رکن گلوریا گویرا نے کہا کہ سیاحت کے آئندہ مرحلے کا تعین سٹریٹجک تعاون کی ایسی سطح سے ہوگا جس کی اس سے قبل مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ فورم کا عنوان مختلف شعبوں اور سرمایہ کاری کو باہم مربوط کرنے کے لیے تعاون سے پیدا ہونے والے امکانات کی عکاسی کرتا ہے جس کے اثرات سیاحتی مقامات، کمپنیوں اور معاشروں تک پہنچیں گے۔

وزارتِ سیاحت نے 2027 کے ایڈیشن کے لیے ابتدائی مقررین کے ایک گروپ کا بھی اعلان کیا ہے جس میں سیاحت ، مہمان نوازی، ٹیکنالوجی اور سیاحتی مقامات کی ترقی کے شعبوں سے وابستہ ممتاز شخصیات شامل ہیں۔ فورم کے مقررین سفر، سیاحت اور ٹرانسپورٹیشن کے مراحل کو آسان بنانے میں اپنے اداروں کے کردار اور عالمی سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے اہم مواقع کو اجاگر کریں گے۔ فورم کے پہلے ایڈیشن نے گزشتہ سال 113 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کو متحرک کیا، جس میں سیاحتی مقامات، ہوٹلز، ریٹیل اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبے شامل تھے۔

مزید خبریں