فیصل آباد۔ 01 جولائی (اے پی پی):ریسکیو 1122فیصل آباد نے ماہانہ کارکردگی رپورٹ جون 2024 جاری کردی۔ترجمان زاہد لطیف نے بتایا کہ ماہ جون میں ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو 13759 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں،امدادی ٹیموں نے بروقت موقع پر پہنچ کر 2920 روڈ ٹریفک ایکسیڈنٹ، 8955 میڈیکل، 287 آگ لگنے، 362 کرائم، 17 ڈوبنے، 11 عمارت گرنے اور 1207 دیگر متفرق ایمرجنسیز پر رسپانس کیا۔مختلف ایمرجنسیز کے دوران مجموعی طور پر 12728 متاثرین کو ریسکیو کیا گیا،امدادی ٹیموں نے 6400 افراد کو موقع پر طبی امداد فراہم کی،5749 افراد کو طبی امداد کے بعد ضلع کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ مون سون کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تیز بارش کے دوران گھر سے باہر جانے یا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں،زیادہ پانی والی جگہ پہ نہ جائیں،گھر کی چھتوں پر پانی جمع نہ ہونے دیں،ہاتھ اور پاؤں گیلے ہونے کی صورت میں برقی آلات کو چھونے سے گریز کریں،درختوں یا ایسی جگہوں کے نیچے نہ جائیں جہاں آسمانی بجلی گرنے کا خطرہ ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 فیصل آباد ممکنہ سیلاب کے حوالے سے مکمل طور پر تیار ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،عوام کی جان و مال کی حفاظت ریسکیو کی اولین ترجیح ہے۔