33.8 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 24, 2025
ہومعلاقائی خبریںریسکیو 1122 سٹیشن فیصل آباد میں سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے پیش...

ریسکیو 1122 سٹیشن فیصل آباد میں سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر فرضی امدادی مشقوں کاانعقاد

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 24 اپریل (اے پی پی):ریسکیو 1122 سٹیشن فیصل آباد میں سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر فرضی امدادی مشقوں کا انعقاد کی گیا اور دستیاب وسائل کا عملی جائزہ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع فیصل آباد میں سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 فیصل آباد سنٹرل اسٹیشن اڈا جی ٹی ایس پر پری فلڈ موک ایکسر سائز کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا موسیٰ نے موقع پر پہنچ کر تمام انتظامات کا بغور جائزہ لیا۔

پری فلڈ موک ایکسر سائز کا مقصد سیلاب کی صورتحال میں استعمال ہونے والے تمام وسائل کا بخوبی جائزہ لینا تھا جس میں ضلع فیصل آباد کے تمام متعلقہ اداروں پی ڈی ایم اے، لائیو سٹاک، ایجوکیشن، محکمہ انہار، سول ڈیفنس، ایگریکلچر اور ہیلتھ کے افسران و نمائندگان نے شمولیت اختیار کی۔ تمام متعلقہ اداروں نے اپنے وسائل کو ظاہر کرنے کیلئے بہترین طریقے سے سٹال لگائے اور آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو تمام سٹالز کا وزٹ کروایا اور سیلاب کی صورتحال میں استعمال ہونے والے تمام وسائل سے آگاہ کیا۔

- Advertisement -

کشتیوں اور سکوبا ڈائیو کے دوران پانی کی تہوں سے ڈوبنے والے افراد کو نکالنے کے لئے استعمال ہونے والے آلات کے متعلق آگاہی فراہم کی۔ اس کے ساتھ ساتھ حادثات کی صورت میں کمیونیکیشن کے نظام کو فعال بنانے کیلئے وائرلیس سسٹم کے متعلق بھی آگاہی فراہم کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا موسیٰ نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبردآزما ہونے کی تیاریوں، فلڈ فائیٹنگ آلات کی مینٹینینس اور فعالیت کو تسلی بخش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ سلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر تیار ہے اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے متعلقہ ضلعی اداروں کے ساتھ کوآرڈینیشن کومزید بہتر بنانے پر زور دیا تاکہ ممکنہ سیلابی صورتِ حال میں عوام کی بروقت اور پیشہ ورانہ طریقے سے مدد کی جائے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اور ہمارے تمام ریسکیورز سیلاب، آندھی، طوفان اور ہر طرح کے حادثات سے نمٹنے کیلئے ہر دم تیار ہیں اور آنے والی ایسی کسی بھی ناگہانی صورتحال میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587141

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں