ریسکیو 1122 فیصل آباد نے محرم الحرم کے حوالے سے ریسکیو پلان جاری کردیا، 52 ریسکیو پوسٹیں قائم، 700 اہلکار تعینات

3
Rescue 1122 Faisalabad
Rescue 1122 Faisalabad

فیصل آباد۔ 26 جون (اے پی پ):ریسکیو 1122 فیصل آباد نے محرم الحرم کے حوالے سے ریسکیو پلان جاری کردیا، جلوسوں اور مجالس کیلئے 52 ریسکیو پوسٹیں قائم کی گئیں جبکہ 700 اہلکار تعینات سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرکے ہائی الرٹ کردیا گیا۔ کوآرڈینیٹر ریسکیو 1122 فیصل آباد نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر ظفر اقبال کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

ایمرجنسی آفیسر آپریشنز طارق محمود نے محرم الحرام کے دوران ریسکیو سٹاف کی ڈیوٹی اور موبائل ریسکیو پوسٹوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ یکم سے 10 محرم الحرام اور خصوصی طور پر یوم عاشورہ کے موقع پر ریسکیو عملہ ہائی الرٹ رہے گا۔ ایمرجنسی ڈیوٹی پلان کے مطابق محرم الحرام میں 700سے زائد ریسکیو اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ 7 محرم الحرام سے گھنٹہ گھر کے اطراف، مجالس، جلوسوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر بشمول تمام تحصیلوں میں 52 ریسکیو پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ مزید موٹر بائیک ایمبولینس پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔ ان تمام ریسکیو پوسٹوں پر ایمبولنسز، فائر وہیکلز اور ریسکیو سٹاف ہمہ وقت موجود رہے گا۔ ایمرجنسی آفیسر (آپریشنز) کی زیر نگرانی انسپیکشن ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو ریسکیو پوسٹوں کا معائنہ کریں گی۔ کنٹرول روم سٹاف کو بھی 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ کنٹرول روم میں بھی ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے تمام ریسکیو پوسٹوں اور ایمرجنسی وہیکلز کی نگرانی کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے حوالے سے کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں عوام کو بروقت ایمرجنسی سروس فراہم کرنے کے لیے جامع ڈیوٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہی ڈیوٹی کا پابند کر دیا گیا ہے۔