ریفریز کے متنازع فیصلے، پاکستانی ریسلر انعام بٹ ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنے سے محروم، ورلڈ بیچ گیمز کیلئے کوالیفائی کرنے والے پہلے پاکستانی کا اعزاز بھی پا لیا یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ میں ریفریز کے مبینہ غلط فیصلوں کی شکایت درج کرا دی ہے، انصاف ملنے کیلئے پر امید ہوں، ریسلر

ریو ڈی جنیرو۔ 12 مئی (اے پی پی) پاکستانی ریسلر انعام بٹ نے ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیت لیا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے رواں برس اکتوبر میں امریکہ میں شیڈول ورلڈ بیچ گیمز کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا ہے، ریفریز کے غلط فیصلوں کی وجہ سے انعام کو فیصلہ کن معرکے میں جارجین کے ریسلر دیتومر ساگشیو کے ہاتھوں 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ برازیل میں منعقدہ ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستانی ریسلر انعام بٹ اور جارجین ریسلر دیتومر کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم ریفریز کے غلط فیصلوں کی وجہ سے انعام کو 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اسطرح وہ طلائی تمغہ جیتنے سے محروم رہے البتہ چاندی کا تمغہ جیتنے پر بھی انعام نے اکتوبر میں شیڈول ورلڈ بیچ گیمز کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا ہے اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ریسلر ہیں۔ انعام بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ فائنل میں ریفریز کی جانبداری کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، میں نے اچھی فائٹ کی اور میں طلائی تمغہ جیتنے کیلئے پر عزم تھا لیکن ریفریز کے مبینہ غلط فیصلوں کی وجہ سے میں طلائی تمغے سے محروم رہ گیا، میں نے باضابطہ طور پر یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ میں ریفریز کے خلاف شکایت درج کرا دی ہے اور مجھے یقین ہے کہ فیصلہ میرے حق میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں اپنی مجموعی کارکردگی پر خوش ہوں، ملک کیلئے چاندی کا تمغہ جیتنے اور ورلڈ بیچ گیمز کیلئے کوالیفائی کرنا میرے لئے باعث فخر لمحہ ہے، قوم کی دعاﺅں اور ان کی سپورٹ پر مشکور ہوں، میرا تمغہ قوم کیلئے تحفہ ہے، پنجاب سپورٹس بورڈ اور صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری ایونٹ میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور سپورٹ کی۔