نارروال۔5جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوامی ترقی کے منصوبے دیئے، بیرونی طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں ہمیں متحد رہنا ہوگا، امن ، استحکام اور ترقی کے تسلسل کو برقرار کھنا ضروری ہے، اڑان پاکستان منصوبہ معیشت کو نئی سمت دے گا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن سے سیالکوٹ پھاٹک تک رابطہ سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے ریلوے اسٹیشن سے سیالکوٹ پھاٹک تک رابطہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔
سڑک کی کل لمبائی 1.54 کلومیٹر ہے،منصوبے پر 200 ملین لاگت آئے گی،منصوبہ پانچ ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا،منصوبے میں سڑک کی تعمیر اور چوڑائی میں اضافہ کرنا اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنانا شامل ہے۔
اس موقع پر تقریب سےخطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ سڑک کی تعمیر سے ٹریفک کےمسائل حل ہوں گے اور سکھ یاتریوں کو کرتارپور پہنچنے میں آسانی ہوگی،اس کے ساتھ ساتھ رابطہ سڑک کی تعمیرسے تجارتی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت نے عوامی منصوبے بند کر کے مہنگائی اور بدحالی دی، مسلم لیگ ن پاکستان کو ترقی، روزگار اور خوشحالی دے گی، موجودہ حکومت کا اڑان پاکستان منصوبہ 2029 تک پاکستان کو تیز ترین ترقی کرتی معیشتوں میں شامل کرے گا،انہوں نے کہا کہ آج کا نارووال ترقی کی مثال ہے،ہم نے 2008 کے پسماندہ نارووال کو ترقی یافتہ ضلع میں تبدیل کیا۔
خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت سنگین جرائم میں ملوث ہے ،بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنمائوں کو کیسز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اس منصوبے سے نارووال میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور علاقے میں خوشحالی آئے گی۔