ریلوے سیکٹر کی ترقی سی پیک کی کامیابی کو یقینی بنائے گی، مکمل ہونے پر گوادر دنیا کی آٹھویں بڑی بندرگاہ ہوگی، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد

54

اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے چین کے تعاون سے اپنے موجودہ نیٹ ورک کو اپ گریڈاور سروس کو بہتر بنا کر انقلاب برپا کرے گا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کو انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرے اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دوستی ہمالیہ سے بلند ہے اور چین ہمارے مسائل کا ادراک رکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور ہر گزرنے والے دن کے ساتھ دوستی کا رشتہ مزید گہرا ہوا ہے۔ ریلوے سیکٹر کی ترقی چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) کی کامیابی کو یقینی بنائے گی۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی پیک سے خطے کی تقدیر بدلے گی اور پاکستان اور چین درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گوادر کی بندرگاہ سی پیک فریم ورک کاایک اہم جزو ہے جو چین کے تعاون سے تعمیر کی جا رہی ہے جہاں 200 بحری جہاز کھڑے کرنے کی گنجائش موجود ہے، جب یہ بندرگاہ مکمل ہو گی تو دنیا کی آٹھویں بڑی بندرگاہ ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کے دورہ چین کے دور رس نتائج حاصل ہوں گے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا رشتہ مزید گہرا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اس دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے حوالے سے ہونے والے منفی پراپیگنڈے کا بھی خاتمہ ہو گا۔