ریڈیو پاکستان کا آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر کرکٹ جشن کا انعقاد، سکارپین نائٹس نے رمضان کرکٹ میلہ جیت لیا

ریڈیو پاکستان کا آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر کرکٹ جشن کا انعقاد، سکارپین نائٹس نے رمضان کرکٹ میلہ جیت لیا

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):ریڈیو پاکستان نے آئین پاکستان 1973 کی گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر کرکٹ جشن کا اہتمام کیا۔ سکارپین نائٹس نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں ایف ایم 94 کو 9وکٹوں سے ہراکرریڈیو پاکستان رمضان کرکٹ میلہ جیت لیا ہے۔ پانچ روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر بارہ ٹیموں نے حصہ لیا۔فائنل میں ایف ایم 94 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ چھ اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 72 رنز بنائے۔ سکارپیئن نائٹس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد مطلوبہ ہدف میچ کی آخری گیند پر حاصل کرلیا۔

میچ کے اختتام پر انعامات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس مقبول احمدگوندل نے ڈائریکٹرجنرل ریڈیو پاکستان طاہرحسن اورریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹرنیوزاینڈکرنٹ افیئرزامان اللہ سپرا کے ہمراہ جیتنے والوں اوررنرزاپ میں انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے قومی نشریاتی ادارے کی بحالی اور پاکستان کے آئین کی 50 سالہ تقریبات کے طورپرایسی صحتمندانہ سرگرمی کے انعقاد پرڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہرحسن کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ یہ ٹورنامنٹ شہری حقوق کی فراہمی کااظہارہے جن کی آئین میں ضمانت دی گئی ہے۔

ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل طاہر حسن نے اس موقع پر آئین کی ایک ماہ پر محیط گولڈن جوبلی تقریبات کے حکومت کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں منتظمین سامعین اور شائقین کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات منانے کے لئے ریڈیو پاکستان کے پروگراموں کا حصہ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں ہمیں زندگی کی آزادی کی یاد دہانی کراتی ہیں جن کو آئین میں تحفظ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کھیلوں اور ثقافت کے فروغ کے لئے ایسی صحت مندانہ سرگرمیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔شائقین کی بڑی تعداد ان میچوں سے لطف اندوز ہوئی جبکہ بہت سے لوگوں نے ریڈیو پاکستان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور چینلز پر اس کی لائیو سٹریمنگ اور براہ راست کمنٹری دیکھی۔