اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیاد پر 25 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا ۔ سٹیٹ بینک اور پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات سےملک کو 1.359 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمد سے ملک کو 1.084 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
اکتوبر میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات کا حجم 362 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 32 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سا ل اکتوبر میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات کا حجم 274 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیاتھا۔ ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں ماہانہ بنیاد پر 7 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا ، ستمبرمیں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات سے ملک کو 338 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ٹیکسٹائل گروپ کی مجموعی برآمدات کا حجم 6.146 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 5.565 ارب ڈالر کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔